بارہ سالہ لڑکا زیادتی کے بعد قتل؛ نعش مسجد کی چھت سے ملی

سکھر: سکھر کے نواحی علاقے پنوعاقل میں درندہ صفت وحشی ملزمان نے 12سالہ بچے کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور پھر انتہائی بے رحمی سے قتل کرکے اس کی نعش مسجد کی چھت پر پھینک دی۔ شیطانی منصوبے میں بظاہر کامیابی حاصل کرنے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔ اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر مسجد کی چھت سے بچے کی نعش تحویل میں لی اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔

 

ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پنوعاقل کے علاقے میں واقع ایک مسجد کی چھت پر لڑکے کی نعش موجود ہے، جس پر پولیس نے وہاں پہنچ کر نعش تحویل میں لی، ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ بچے کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا ہے.

 

پولیس نے نعش کے اجزاء لے کر تصدیق کے لئے لیبارٹری ارسال کر دیے جبکہ واقعہ کی صاف و شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مختصر وقت میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان تک پہنچ کر انہیں گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، پولیس کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ شرمناک واقعہ کے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا