سنگدل بیٹے کے تھپڑسے 76سالہ ماں دم توڑ گئی

دہلی: بھارت میں سنگدل بیٹے نے 76سالہ ماں کو تھپڑ مار دیا جس سے وہ دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست دہلی کے علاقے دوارکا میں بدبخت بیٹے نے اپنی ضعیف ماں کو تھپڑ رسید کیا جس کے نتیجے میں وہ نیچے گرگئی تاہم انہیں فوری طور پرہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اپنی ماں کے ساتھ ایک گیٹ کے باہر کھڑا ہے جہاں اس کے ساتھ ایک اور خاتون (ممکنہ طور پر اس کی اہلیہ) بھی موجود ہیں۔ وہ شخص مسلسل دروازہ بجارہا ہے اور ساتھ میں اپنی والدہ سے کسی موضوع پر بحث بھی کررہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شخص ماں کے ساتھ بحث کے دوران اچانک غصے میں آکر اپنی والدہ کو تھپڑ رسید کردیتا ہے اس دوران اس کی اہلیہ اس کو روکنے کی کوشش بھی کرتی ہے تاہم ضعیف والدہ اپنے بیٹے کے تھپڑ سے نیچے گرجاتی ہے اور وہ خاتون انہیں اٹھانے کی ناکام کوشش کرتی ہیں۔

 بعد ازاں ضعیف خاتون کو ہسپتال پہنچایا جاتا ہے تاہم وہ زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔