جہلم: پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے لاہور اسلحہ اسمگل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔
رپورٹ کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے قریب پولیس نے ناکہ بندی کرکے پشاور سے لاہور اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ سوہاوہ پولیس کے مطابق پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال نے خفیہ اطلاع پر ترکی ٹول پلازہ کے قریب ناکہ بندی کررکھی تھی، دوران ناکہ بندی پولیس نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان گاڑی چھوڑ کر قریبی جنگل میں فرار ہوگئے، تاہم پولیس ٹیم نے ان کا پیچھا کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی کی تلاشی میں 12 کلاشنکوف، 8 پسٹل، 40 میگزینز اور 3500 گولیاں برآمد ہوئیں، جب کہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ 30 مارچ کو دہشت گردی کی نیت سے اسلحہ پشاور سے لاہور لے کر جا رہے تھے۔ ملزمان کی شناخت علی رضا اور علی حیدر کے نام سے ہوئی ہے، اور ان کے خلاف تھانہ سوہاوہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔