بنوں،شکار کیلئے جانیوالے 4جوانسال لڑکوں کی21روزبعد لاشیں برآمد

بنوں:تھانہ جانی خیل کی حدود میں 21روز قبل لاپتہ ہونے والے چار لڑکوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں،ورثاء اور مقامی افراد نے لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں کے سامنے کر شدید احتجاج کیا۔

 تفصیلات کے مطابق تھانہ جانی خیل کے علاقہ ہندی خیل سے تعلق رکھنے والے چار لڑکے 17سالہ احمد خان طالع محمد،15سالہ عطف اللہ ولد زرنواز،15سالہ رقسام اللہ ولد سید نواز اور 13سالہ محمد رحیم ولد مرغید اللہ ساکنان ہندی خیل جانی خیل21روز قبل لاپتہ ہوگئے تھے۔

مقامی لوگوں کے مطابق چاروں لڑکے شکار کیلئے گئے تھے اور21روز بعد الگڈ سے انکی دفن شدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔

 نامعلوم ملزمان نے انہیں قتل کرکے خوڑ واقع واڑیکا جانی خیل میں دفنایا تھا اور کتے یا جانور لاشوں کونوچ چکے تھے۔

 چاروں لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں لایا گیا جہاں مقتولین کے قرثاء نے بنوں ڈی آئی خان روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرکے ڈی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کیا اور حکومت سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

شام کے وقت ورثاء لاشوں کو تدفین کیلئے لے گئے اور دوبارہ احتجاج کا عندیہ دیدیا۔

پولیس نے مقتول احمد خان کے چچا عثمان خان ولد غازم خان سکنہ ہندی خیل جانی خیل کی رپورٹ پر ناملعوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔