حطار:ٹیوٹا ہائی لکس گاڑی خانپور ڈیم میں ڈوب گئی، دو نوجوان جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افرادکو زندہ بچالیا گیا۔
حادثہ گاڑیوں کوڈیم کے کنارے تیز رفتاری کے ساتھ گھمانے کے باعث پیش آیا، ریسکیو ٹیموں نے دو گھنٹے کی امدادی کاروائی کے بعد تین افراد کو ڈوبنے والی گاڑی سے زندہ بچایا اور دو نعشیں نکالیں۔
جاں بحق ہونے والے بدقسمت دوست اسلام آباد سے خانپور ڈیم کی سیر کیلئے آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پرانے خانپور کے قریب سیاحوں سے بھری ٹویٹا ہائی لکس گاڑی تیز رفتاری کے بے قابو ہو کر ڈیم میں جا گری۔
مذکورہ گاڑی میں پانچ افراد جن میں نوشاد قمر ولد خادم حسین سکنہ جھنگ، راجہ آصف ولد ارشد محمود سکنہ اسلام آباد، ساحرہ بی بی سکنہ فیصل آباد، محمد عبداللہ سکنہ اسلام آباد اور محمد الیاس سکنہ فیصل آباد سوار تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد گاڑی کو تیز رفتاری کے ساتھ ڈیم کے کنارے گھمارہے تھے کہ پھسلن کے باعث اچانک گاڑی بے قابو ہو کر ڈیم میں جاگری اور پانی میں ڈوب گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے سی خانپور مس سارہ تواب، ڈی ایس پی سرکل خانپور ابرار خان اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دو گھنٹوں کی امدادی کاروائی کے بعد تین افراد نوشاد قمر، راجہ آصف اور ساحرہ بی بی کو زندہ بچا لیا گیا تاہم دونوجوان26 سالہ عبداللہ اور25 سالہ محمد الیاس جاں بحق ہو گئے۔
آخری موصولہ اطلاعات جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی نعشیں پانی سے نکال سے ہسپتال منتقل کردی گئی تھیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، خانپور پولیس نے حادثہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔