پشاور: ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے ن لیگ یوتھ کنونشن پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر میں مسلم لیگ ن کا یوتھ کنونشن سمجھ سے باہر ہے کیونکہ کورونا کی وجہ سے پی ٹی آئی نے اتوار کو خیبرپختونخوا میں اپنا یوتھ کنونشن ملتوی کر دیا۔
سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے کہا کہ سیاست ہوتی رہتی ہے، لیکن انسانی جانوں سے کھیلنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔مریم نواز کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے مریم نواز کو نہیں بھاتے۔
پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ انہوں نے کہا کورونا کی فضاء میں احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنا سب کے لئے خطرناک ہے۔ سیاست سے بالاتر ہو کر کورونا روک تھام میں اپنا حصہ ڈالا جائے۔