چمن: چمن میں تاج روڈ پر لیویز ہیڈکوارٹرز کے سامنے دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق چمن تاج روڈ پر لیویز ہیڈکوارٹرز کے سامنے دھماکا ہوا ہے، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور تک سنائی دی گئی، دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں دو کا تعلق چمن اور ایک کا پنجاب سے ہے۔
دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے کو لے لیا اور جائے دھماکا سے شواہد اکٹھے کیے۔
شواہد سے دھماکے کی نوعیت جاننے کے بعد معلوم ہوا کہ بم موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔اس کے ساتھ سکیورٹی فورسز نے علاقے کے داخلی خارجی علاقوں کی سکیورٹی سخت کردی ہے اور مشتبہ علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔