پشاور:گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں یوم پاکستان 23 مارچ پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے صوبے کی 10شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر صدارتی سول اعزازت سے نوازا۔
گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے پروفیسرڈاکٹررئیسہ بیگم گل کو شعبہ تعلیم و نرسنگ، پروفیسرڈاکٹرمسلم شاہ اباسین یوسفزئی کو فنون ادب کے شعبہ میں گراں قدرخدمات پرصدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔
گورنرنے فنون گلوکاری شعبہ میں مثالی خدمات پر ثریا خان المعروف مہ جبین قزلباش(مرحومہ) کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی (بعدازوفات)سے نوازا۔جومرحومہ کے بیٹے نے وصول کیا۔
گورنرخیبرپختونخوا نے ڈاکٹر یاسرمحمود یوسفزئی کوشعبہ طب، جاوید منصور بابر کو فنون اداکاری کے شعبہ، فیاض خان خیشگی کو فنون گلوکاری، پروفیسر ڈاکٹر محمداشرف خان کو فنون آرکیالوجی اورپروفیسر ڈاکٹر یارمحمدمغموم کو ادب کے شعبہ میں مثالی وگراں قدر خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا۔
گورنر نے پروفیسر رحمت اللہ درد(مرحوم) کو ادب، شاعری کے میدان میں مثالی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز(بعد از وفات) سے نوازا جن کا ایوارڈ مرحوم کی بیٹی پروفیسرنادیہ دردنے وصول کیا۔
اس موقع پرگورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے صدارتی سول اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکبادپیش کی۔
تقریب میں صوبائی وزیربرائے ریلیف وآباد کاری محمد اقبال وزیر، اراکین اسمبلی، انسپکٹرجنرل آف پولیس ڈاکٹرثناء اللہ عباسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام، ایوارڈوصول کرنے والوں کے عزیز واقارب نے شرکت کی۔