پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 3گھروں کو مکمل جبکہ 4 گھروں کوجزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونیوالی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دیر اپر میں 3 گھروں کو جزوی جبکہ3 گھروں کونقصان پہنچا۔
ضلع کرم میں ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچاپی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکیں کھو لنے کیلئے قدامات کئے گئے جبکہ چلاس سے داریل منیکال جانے والی جیپ گاڑی کوہستان بسری کے مقام پرشاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کی زدمیں آگئی۔
بھاری پتھروں کی زد میں آکر جیپ گہری کھائی میں جاگری حادثہ میں دوافراد موقع پر جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔
ادھرایبٹ آباد میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ مسلسل چار دن سے جاری ہے چند گھنٹے کی بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ بجلی غائب ٹریفک‘ جام گیس پریشر میں کمی‘ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں‘۔
منڈیاں ایوب میڈیکل کمپلیکس لنک روڈ مری روڈ اندرون شہر کی سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئیں جبکہ سپلائی کاکول روڈ جھنگی و گردونواح میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے عوام کا لاکھوں کا نقصان ہوا گھریلو فرنیچر سمیت قیمتی اشیاء ناکارہ ہو گئیں جبکہ متعدد گاڑیاں منڈیاں سپلائی روڈ پر پانی میں ڈوب گئیں۔
ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے بارش مسلسل تین روز سے جاری ہونے سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوچکا ہے گلیات میں طوفانی ہواؤں کے بعد کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے پول گرنے سے گلیات میں بجلی دو دن سے بند کردی گئی ہے جبکہ برف باری کے بعد گلیات کے معتدد علاقوں کو جانے والے راستے بند ہیں۔
پشاور کی صورتحال
صوبائی دارالحکومت پشاوراورمتصل علاقوں میں گذشتہ دو روز سے مسلسل اور موسلا دھار بارشوں کے باعث بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آ گئے شہرمیں سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک جام رہی جبکہ گھروں اوردکانوں میں پانی بھرجانے سے لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء بھی ضائع ہوگئیں جبکہ شدیدبارش کے باعث متعددمکانات اوردکانوں کی چھتیں اوردیواریں منہدم ہوگئیں جن میں 6سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں موسلا دھار بارشوں کے باعث بی آر ٹی فیڈرروٹس پر سروس بھی عارضی طور پر بندکردی گئی خیبر بازار میں بی آر ٹی سٹاپ کے قریب سڑک دھنس گئی افغان کالونی پرورسک کنال پر لگائی گئی حفاظتی دیوار بھی دھنس گئی دوروزسے جاری مسلسل بارش کے باعث سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑاہوگیااورٹریفک کانظام درہم برہم ہوکررہ گیاجبکہ بارشوں کے باعث شہربھرمیں بجلی کانظام بھی متاثرہوا اورکئی مقامات پرفیڈرزٹرپ ہونے کے باعث کئی گھنٹوں تک بجلی کی ترسیل معطل رہی۔
بعض علاقوں میں رات گئے تک بجلی بحال نہ ہوسکی بھانہ ماڑی رامداس چوک میں شہریوں نے بجلی کی معطلی کے خلاف احتجاج کیااوررامداس چوک کو بلاک کردیا جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث برقی آلات جل گئے اورشہریوں کولاکھوں کانقصان اٹھاناپڑا دس ملی میٹرسے زائد بارش ہونے کے باعث تیار فصلوں اور باغات کو بھی بری طور پر نقصان پہنچا۔
درجنوں علاقوں میں بجلی بارش کے باعث معطل رہی۔ جس سے صارفین کو شدیدترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بیشتر تجارتی علاقوں کے تہہ خانوں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا نوتھیہ پھاٹک میں بازار بھی بارش کے پانی سے زیر آب آ گیا۔ بارش کے باعث سینکڑوں کچے مکانات کو بھی بری طور پر نقصان پہنچا۔ جبکہ جگہ پانی سڑکوں پر کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں بھی مشکلات درپیش آ ئی۔
موسلا دھار بارشوں کے باعث باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ جبکہ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی روٹس پربھی ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ تہہ خانوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث کپڑے سمیت دیگر اشیاء بھی متاثر ہو ئی۔
پشاور میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقے زیر اب آگئے جبکہ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے لگا جس سے گھروں میں قیمتی سامان خراب ہونے کیساتھ دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے شہر کے مختلف علاقوں سکندر ٹاون اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا پانی گلیوں میں کھڑا تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ نکاسی اب کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے بارش اور گٹر کا پانی گھروں میں داخل ہونے لگا جسکی وجہ سے تغفن پھیلنے لگا اور گھروں میں قیمتی سامان بھی متاثر ہونے لگا جبکہ گندے پانی سے مختلف امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی اب کا نظام فعال بنا کر ائندہ مکینوں کو ایسے مشکلات سے محفوظ بنایا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے۔