پشاور:تھانہ مچنی گیٹ کے علاقہ ورسک روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوارمسیحی بہن اور دو بھائیوں کو کچل ڈالا پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب ڈرائیور کو ڈمپر سمیت گرفتار کرلیا۔
پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثا ء کے حوالے کردی گئیں دوسری جانب بہن اور دو بھائیوں کی نعشیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور لواحقین دھاڑیں مار مار روتے رہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز ورسک روڈ پر ماربل سے بھرا تیز رفتار ڈمپر موٹرسائیکل پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار 3بہن بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ موقع پر موجود اہلکاروں نے ڈمپر کے فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت سلمان، نوید پسران فاروق مسیح اور پریہ دختر فاروق مسیح ساکنان ورسک روڈ محلہ کرسچن کالونی کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی نعشیں ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ڈمپر ڈرائیور اجمل ولد عبد القدیر ساکن چل غزی بابا کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب3بہن بھائیوں کی میتیں گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔