پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات واعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ اداروں پر حملے کرنا مسلم لیگ ن کا پرانا وطیرہ ہے۔
26مارچ کو نیب میں پیشی کے موقع پر جلوس لے جانا، ملک کو واپس 90 کی دہائی کی سیاست میں جانے کے مترادف ہے مریم نواز ایک غلط روایت کی بنیاد رکھ رہی ہیں جس سے جمہوری اداروں کی تضحیک ہوگی جوکسی صورت مناسب نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کسی کو قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی اجازت دیگی۔
پیشی کے موقع پر نیب کی کاروائی میں رخنہ ڈالنے کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا اور نیب کی شق 31 کے تحت کاروائی کی جائیگی، جسکی سزا 10سال قید ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں وزیر محنت وثقافت شوکت یوسف زئی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن احتساب سے بچنے کے لئے جلوس لے کر نیب پر دباو ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہے لیکن مسلم لیگ ن احتساب سے بچ نہیں سکتی ہے۔ن لیگ اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر ائی ہے اورسیاست کو غلط سمت لے کر جارہی ہے۔قانون پر عمل درامد نہ کرنے کیوجہ سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے حکومت کسی کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہر شہر میں جلسے کئے لیکن ہرجگہ سے اس کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملااسلئے اب اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔
وزیر محنت وثقافت شوکت یوسفزئی نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی تھی جو پاش پاش ہوگئی ہے مولانا فضل الرحمان بے روزگار ہوگئے تھے اسلئے پی ڈی ایم کا ڈرامہ کررہے تھے لیکن بری طرح ناکام ہوگئے۔پی ڈی ایم کا واحد مقصد کرپشن بچانا اور ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے کورونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں موثر حکمت عملی کیساتھ آگے بڑھ رہی ہیں جسکے دورس نتائج سامنے آئینگے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کی تیسر ی لہر میں شدت آرہی ہے اسلئے عوا م سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرکے پہلی اور دوسری لہر کی طرح تیسری لہر سے بھی چھٹکارہ پانے میں حکومت سے تعاون کریں۔