گلگت:گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں مسافر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے جبکہ واقعہ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی گلگت کا بتانا ہے کہ مسافر گاڑی گلگت سے نلتر بالا جا رہی تھی کہ مسلح ملزمان کی جانب سے نلتر پائن میں آر سی سی پل کے قریب گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق ایک وین خواتین سمیت 18 مسافروں کو لے کر گلگت ٹان سے نلتر جارہی تھی کہ سہ پہر تین بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے نلتر کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کردی۔
سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) گلگت مرزا حسن نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ واقعہ میں 6 مقامی افراد جاں بحق ہوئے جس میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 7 مسافر زخمی ہوئے۔
پولیس اور ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو سٹی ہسپتال گلگت منتقل کردیا۔ایس ایس پی کے مطابق تمام افراد خطرے سے باہر ہیں اور انہیں علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ایس ایس پی مرزا حسن کی سربراہی میں پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حملے کی تحقیقات شروع کردیں۔
دوسری جانب وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
ایک اعلامیہ میں وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے گلگت بلتستان پولیس، رینجرز، اسکاؤٹس کو ہدایت کی کہ وہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ الرٹ رہیں۔ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں، مزید یہ کہ انہوں نے عزم کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ قراقرم ہائی وے پر مسافروں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
ایس ایس پی راجا مرزا حسن کا بتانا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق نلتربالا سے ہے جبکہ گاڑی پر فائرنگ میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
راجا مرزا حسن کے مطابق تینوں ملزمان کا تعلق نلتر پائن سے ہے، ملزمان میں شریف الدین، طاہر حسین اور واجد حسین شامل ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کاکہنا ہے کہ نلتر میں فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔