کوہاٹ:کوہاٹ کے علاقہ خٹک کالونی سے لاپتہ ہونیوالی چار سالہ بچی کی لاش نالے سے برآمد کرلی گئی۔
پولیس نے لاش کوتحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا۔
کرک سے تعلق رکھنے والے خٹک کالونی کوہاٹ میں رہائش پذیر نوید اقبال کی 4 سالہ بیٹی حریم فاطمہ بدھ کی دوپہر سے لاپتہ ہوگئی تھی جسکی لاش اگلے صبح مقامی نالے سے ملی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ سہیل خالد نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
،فارنزک شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ پولیس افسران کو واقعے کی تحقیقات میں جدیدپیشہ ورانہ تفتیشی نظام سے بھر پوراستفادہ کرنے اور تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کردیں۔
دونوں پولیس حکام بچی کے لواحقین سے تعزیت کرنے انکے گھر گئے،فاتحہ خوانی کی اور انہیں واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دلانے کی یقین دہانی کرائی۔
ادھر واقعے کی تحقیقات کیلئے ایس پی انوسٹی گیشن کوہاٹ عنایت علی شاہ کی سربراہی میں جائنٹ انوسٹی گیشن بھی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔