پشاور کے تینوں تدریسی ہسپتالوں کی او پی ڈیز محدود

پشاور کے تینوں تدریسی ہسپتالوں ایل آر ایچ، کے ٹی ایچ اور ایچ ایم سی میں او پی ڈیز کی تعداد ایک بار پھر محدود  کرکے 500 کر دی گئی ہے، جبکہ او پی ڈیز بند کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز،اور مریضوں اور لواحقین کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث پشاور کے تینوں تدریسی ہسپتالوں میں او پی ڈیز ایک بار پھر محدود کردی گئیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال،خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وباء سے قبل 15 ہزار تک مریضوں کی او پی ڈی ہوتی تھیں جو کورونا وباء کی وجہ سے ابتداء میں محدود اوربعد ازاں بند کردی گئی تھی، تاہم اکتوبر میں او پی ڈیز پھر محدود پیمانے پر شروع کردی گئیں تھیں۔

ان ہسپتالوں نے بعد ازاں او پی ڈیز کی تعداد 1 ہزار کردی تھیں تاہم اب ایک بار پھر او پی ڈی مریضوں کی تعداد 500 کردی گئی۔

تینوں ہسپتالوں نے تصدیق کی ہے کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہوا تو او پی ڈی سروسز بند کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔