حکومت نے سوات ایئر پورٹ کو 17 سال بعد پروازوں کے لئے دوبارہ بحال کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 17 سال کے طویل عرصے بعد سیدو شریف ائیرپورٹ سوات کو پروازوں کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا۔ پی آئی اے کی پرواز PK 650 مقررہ وقت پر 10 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوئی اور 11 بجے سیدو شریف سوات پہنچ گئی۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا، وزیر ہوابازی اور وزیر مواصلات بھی جہاز پر سوار ہوئے۔ تمام افراد نے قطار میں لگ کر بورڈنگ کارڈ حاصل کیا۔
ایئرپورٹ پر پرواز سے قبل کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے معزز مہمانوں کو گلدستے اور تحائف پیش کئے۔ سوات ائیر پورٹ پر فلائٹ سے آنے والے مہمانوں کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔
ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لئے ہفتے میں دو دن پرازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے سوات کی فلائٹس کراچی اور لاہور سے آنے والی فلائٹس کے ساتھ کنکٹ ہونگی۔
واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے شمالی علاقہ جات کے ہوائی اڈوں کو فعال کر کے فضائی سروس شروع کی جا رہی ہیں تاکہ ان علاقوں میں سیاحت کو مزید بڑھایا جا سکے۔
سوات کا سیدو شریف ایئر پورٹ اس سلسلے کا چوتھا ائیرپورٹ ہے۔ اس سے پہلے سکردو، گلگت اور چترال کے ہوائی اڈوں کو فضائی سروس کے لیے بحال کیا گیا ہے۔