17 سال بعد سوات ائیرپورٹ کمرشل پروازوں کے لئے بحال

 

پشاور:   موجودہ حکومت نے سیاحت کے فروع کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر سیدو شریف ائیرپورٹ سوات کو کمرشل پروازوں کے لئے کھول دیا ہے اور سترہ سال کے طویل عرصے کے بعد قومی ائیر لائن نے سوات کے لئے فلائٹس بحال کر دی ہیں.

 پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن کی پہلی پرواز جمعہ کے روز مسافروں کو لیکر اسلام آباد سے سوات پہنچی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، وفا قی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور اور وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید بھی افتتاحی پرواز کے ذریعے سوات پہنچے۔

 

ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لئے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی جو کراچی اور لاہور سے اسلام آباد آنے والی پروازوں سے منسلک ہونگی۔ علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ، اور سول ایوی ایشن کے اعلی حکام نے ائیرپورٹ پر مسافروں کا پر تپاک استقبال کیا۔

 

سوات ائیر پورٹ پر ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان تھے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے سوات ائیرپورٹ پر فلائٹس کی بحالی پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے سوات کے عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔ وزیراعلیٰ نے سوات ائیر پورٹ کیلئے پروازوں کی بحالی کے لئے وزیر اعظم عمران کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مراد سعید کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

 

وزیراعلی نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور کے علاوہ پی آئی اے، سول ایوی ایشن، اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ نے پروازوں کی بحالی کو علاقے کی تیز رفتار ترقی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا وزیراعظم عمران خان کا وژن اور عزم ہے۔ان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

 

 قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ائیر پورٹ پر قائم ٹوارزم فیسلیٹیشن کاونٹر کا افتتاح کیا اور 10 بلین ٹری سونامی مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔