کراچی:چینی سٹہ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی لاہور نے ایف آئی اے کراچی کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس اس بات کے قوی شواہد ہیں کہ چینی سٹہ مافیا نے چینی کی قیمت میں غیرقانونی طور پر اضافہ کیا۔
اس حوالے سے ذرائع کے مطابق خط کے متن میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مارچ میں ہی چینی کی قیمت میں 20روپے سے زائد کا غیرقانونی اضافہ کیا گیا۔
ایف آئی اے لاہور نے اپنے خط میں کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں اس غیرقانونی اضافے سے عوام کو110ارب روپے کا نقصان ہوا۔
خط کے متن میں ایف آئی اے لاہور نے ایف آئی اے کراچی کو شہرمیں 23چینی سٹہ کرنے والوں کی تفصیل بھی دی ہے، اس فہرست میں چینی مافیا کے ان لوگوں کے نام شامل ہیں جو چینی کی قیمت میں اضافے کے ذمہ دار ہیں۔
ایف آئی اے کی فہرست میں جو نام شامل ہیں ان میں دانش، فرقان بابا، کھیم چند دینانی، دیوی داس حیدرآباد، جیکمار، جاوید تھارا، حاجی ضمیر، ہریش کمار، مہیش کمار، ویشال کلارا، روہت چنی لالہ، ستیاپال کلارا، سنتوش کمار ہیں۔
اس کے علاوہ راجہ چنی لال، جوتی پرکاش، پون سبلانی، دیال داس، پریم کمار، دلیپ دیونانی، دیوداس، روی کوریجانانک رام دینانی، روشن لال، منگارام عرف جگل کشور کا نام بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے لاہور کی جانب سے کراچی آفس کو جاری کی گئی مذکورہ فہرست میں جن 23افراد کے نام شامل ہیں ان کا تعلق پاکستان شوگرگروپ، شوگر مرچنٹس اور شوگر ٹریڈرز گروپ سے ہے۔