فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 5 سالہ معصوم بچی میرب کے قاتل کا سراغ نہ لگ سکا، پولیس نے سوتیلے باپ کو بھی شامل تفتیش کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی گئی میرب کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔
پولیس نے والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا، والدہ کا دل خراش بیان بھی سامنے آ گیا، انھوں نے کہا کہ میرب اپنے دادا کے ساتھ دودھ لینےگئی اور راستے میں پیچھے سے غائب ہو گئی۔
بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ تلاش کرنے پر بچی کی لاش گھر کے قریب سے ملی، انھوں نے مطالبہ کیا کہ میری بیٹی قتل کرنے والے ملزم کو پھانسی یا میری آنکھوں کے سامنے گولی ماری جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پانچ سالہ بچی گزشتہ روز گھر سے باہر کھیلتے ہوئے لا پتا ہوئی تھی اور پھر اس کی لاش کھیتوں سے ملی، مجرم نے زیادتی کے بعد شناخت ظاہر ہونے کے خوف سے بچی کو گلا دبا کر قتل کیا۔
بچی کی والدہ نے 3 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی، پولیس نے سوتیلے باپ کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔