صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور کے سب سے بڑے اسپتال ایل آر ایچ کے حکام نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسپتال کی او پی ڈی کو بند کردیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال حکام کے مطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسپتال کی او پی ڈی بند کردی گئی ہے،اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں صرف ایمرجنسی آپریشن اور ضروری علاج مہیاء کیا جا رہا ہے ۔
ترجمان کے مطابق اسپتال اس وقت کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن کے طور پر کام کررہا ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر معمول کے حالات نہیں ہیں عوام غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (پمز) اسپتال کی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مسلسل تیسرے دن بھی 4 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، اس طرح ملک میں کورونا کی مجموعی مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 2 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔