پشاور:ایڈیشنل سیشن جج پشاورطاہراورنگزیب نے تھانہ غربی پشاور کی حوالات میں مبینہ خودکشی کرنے والے طالبعلم شاہ زیب کیس کے الزام میں گرفتارایس ایچ او انسپکٹردوست محمدخان اورمحرراسماعیل خان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
گزشتہ روز جب عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت درخواست کی سماعت شروع کی تو اس دوران دونوں فریقین کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل دیئے۔
استعاثہ کے مطابق 14مارچ کو تھانہ غربی پشاور کے حوالات میں شاہ زیب طالبعلم شاہ زیب ساکن باڑہ حال ورسک روڈ نے خودکشی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو عوامی احتجاج کے تحت پولیس نے شاہ زیب کی مبینہ خودکشی کیس میں غفلت کے مرتکب ایس ایچ او انسپکٹردوست محمدخان اورمحرر اسماعیل خان کو گرفتار کیا اور اُنکے خلاف قتل مقدمہ درج کردیا۔
ملزمان نے گرفتاری کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کردی جو عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد منظور کرتے دونوں ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعے کے جوڈیشل انکوائری رپورٹ آنے اور مذکورہ پولیس اہلکاروں کی ملوث ہونے کی تصدیق کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کو دوبارہ حراست میں لیا جائیگا۔