دو بچوں کی ماں پر دیور کے سر عام چھری کے پے در پے وار

پشاور:تھانہ پہاڑی پورہ کے علاقہ سیٹھی ٹاؤن میں 60 سالہ معمر دیور نے مبینہ طور پر گھریلو تنازعہ پر جوانسال بھاوج کو چھری کے پے درپے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے قاتل کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا جس نے قتل کا اعتراف کرلیا۔

 پولیس کے مطابق گزشتہ روز فرمان شاہ نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کے بھائی عزیز الدین نے گھریلو تنازعہ پر طیش میں آکر اس کی بیوی مسماۃ 22 سالہ مینہ بی بی کو چھری کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔

 اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قاتل کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا جبکہ اس کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کرلیاگیا۔

ایس ایچ او پہاڑی پورہ وارث خان کے مطابق مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

فلمی سین کی طرح قتل کی واردات

قتل کی واردات کسی فلمی سین سے کم نہیں تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتولہ مینہ بی بی گھر سے نکل کر بھاگ رہی تھی جبکہ اس کا دیور چھری لیکر اس کے پیچھے بھاگتا رہا۔

 گھر سے کچھ ہی فاصلے پرمقتولہ کو پکڑ کر اس کے سینے میں چھری کے وارکرکے اسے موقع پر بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔

 عینی شاہدین کے مطابق وہ مقتولہ کی جان بچانے کیلئے بھاگے لیکن قاتل انتہائی مشتعل تھا۔

مقتولہ مینہ بی بی دو بچوں کی ماں تھی نعش گھر پہنچتے ہی معصوم بچے زاروقطار روتے رہے اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے دوسری جانب معصوم بچے ماں کی نعش کیساتھ لپیٹ کر روتے رہے جس پر تمام افراد آبدیدہ ہوگئے۔

بعدازاں مقتولہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ہے۔