راولپنڈی کے قدیم اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی کے باعث متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں واقع اردو بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اردو بازار میں آگ کی اطلاع ملتے ہی دکاندار اور مقامی افراد بڑی تعداد میں وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا،اسی اثنا میں واسا ٹیمیں بھی متاثرہ جگہ پہنچی اور آگ پر قابو کے لئے کوششوں کا آغاز کیا۔
امدادی ٹیموں کے مطابق آگ اردو بازار کی تین منزلہ عمارت میں اسٹیشنری کی دکان میں لگی جس نے ساتھ والی مزید دکانوں کو اور بعد میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق خوفناک آتشزدگی کے باعث کم وبیش بیس دکانیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں جبکہ متعدد دکانیں ابھی بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں، واسا کے دس سے زائد واٹر ٹینکر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے آگ کی شدت کے پیش نظر متعدد دکانوں کو خالی کرالیا ہے اور لوگوں کی آمدورفت کو بھی محدود کردیا ہے، تاحال آتشزدگی کے باعث ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔