پشاور: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 شادی ہالز کے منیجرگرفتار

پشاور میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تازہ ترین کارروائی کے دوران 2 شادی ہالز کے منیجرز کو گرفتار کر کے 1 شادی ہال سیل کر دیا گیا۔

پشاور کے ڈپٹی کمشنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ایس او پیز کے تحت پابندی کے باوجود شادی ہال کے اندر کھانا کھلایا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 234 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 83 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 1 ہزار 931 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح بڑھ کر 10 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔