بٹگرام میں شیر نے چرواہے کو چیڑ پھاڑ کھایا

بٹگرام: خیبر پختون خوا کے علاقے بٹگرام کے ایک چرواہے کو شیر نے حملہ کر کے جان سے مار دیا۔

تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر بٹگرام کے بالائی علاقہ ڈونگا میں جنگل کے شیر نے چرواہے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چرواہا جاں بحق ہو گیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 40 سالہ طالع زر ولد محمد شاہ مال مویشی چرانے کے لیے ڈونگا کے جنگل گیا تھا، جہاں شیر نے اس پر حملہ کر کے بری طرح زخمی کر دیا۔

علاقے کے لوگوں کو اطلاع ملی تو وہ زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے بٹگرام کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لے گئے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بٹگرام کے بالائی علاقوں میں اس قسم کے واقعات میں تیزی آ رہی ہے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنگلی درندوں کو آبادی کی طرف آنے سے روکا جائے، تاکہ انسانی جانوں سمیت جنگلی حیات کی زندگیاں بھی محفوظ رہیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل ایوبیہ، ایبٹ آباد کے ایک گاؤں ملکوٹ میں مقامی افراد نے آبادی پر حملہ کرنے والے ایک چیتے کو زیر کر لیا تھا، چیتے کے حملے میں ایک شخص بری طرح زخمی ہوا تھا۔