آکسیجن پھر ختم، 7مریضوں کی حالت غیر

پشاور: پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال(ایل آر ایچ) میں گذشتہ رات آکسیجن کی کمی سے 7 مریضوں کی حالت بگڑ گئی۔

کے پی نرسز الائنس کے مطابق مریضوں کی حالت بگڑنے پر انہیں دوسرے وارڈ میں منتقل کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

 خیبر پختون خوا نرسز الائنس کے مطابق ویڈیو میں آکسیجن لگے مریض کو دوسرے وارڈ میں منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ ساتوں مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔

خیبر پختونخوا نرسز الائنس نے کہا کہ ان ساتوں مریضوں کو ایمبو بیگ کے ذریعے مصنوعی سانس اور طبی امداد فراہم کی گئی۔

دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں وافر مقدار میں آکسیجن موجود ہے، تمام صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے، آکسیجن کی کمی پر مریضوں کی منتقلی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔