صوابی فائرنگ، جج بیوی اور 2بچوں سمیت شہید

صوابی:پشاور اسلام آباد موٹر وے پر صوابی انٹر چینج کے قریب گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد دہشت گردی عدالت سوات کے جج آفتاب آفریدی، بیوی، بچی اور ایک نومولود بچے سمیت جاں بحق ہو گئے۔

 فائرنگ سے مقتول کا گن مین اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ جنہیں ریسکیو1122صوابی نے فوری طور پر پشاور ہسپتال منتقل کر دیا.

 چھوٹا لاہور پولیس کی رپورٹ کے مطابق آفتاب آفریدی اتوار کی شام اپنے خاندان کے ہمراہ گاڑی میں پشاور سے اسلام آباد جارہے تھے.

جب ان کی گاڑی صوابی انٹر چینج کے قریب دریائے سندھ کے پل کے مقام پر پہنچی تو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں جسٹس آفتاب آفریدی، ان کی اہلیہ، بیٹی (ز) اور ایک دودھ پیتا نومولود بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گئے. جبکہ فائرنگ سے مقتول کا ڈرائیور ذاکر اور گن مین داؤد شدید زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کے دو ایمبو لینس گاڑیاں اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امدا د دینے کے لئے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کر دیا جہاں سے انہیں علاج کے لئے پشاور منتقل کر دیا گیا جب کہ مقتولین کو پوسٹ مارٹم کے لئے بی ایم سی شاہ منصور منتقل کر دیا گیا۔

 مقتول جسٹس آفتاب آفریدی آج کل انسداد دہشت گردی سوات کی عدالت میں بحیثیت جج خدمات انجام دے رہے تھے چھوٹا لاہور پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔