پشاور: ڈی پی او صوابی محمد شعیب نے صوابی میں قتل ہونیوالے جج کے معاملے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات صوابی میں جج کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر میں عبدالطیف آفریدی ایڈوکیٹ اور ان کے بیٹے سمیت 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
تھانہ چھوٹا لاہور میں درج ایف آئی آر میں مقتول جج کے بیٹے عبدالماجد آفریدی نے بیان دیا ہے کہ میرے والد اور فیملی پشاور میں ماموں زاد کی شادی میں شرکت کیلئے آئے تھے۔
صوابی میں قیام و طعام کے بعد والد کی گاڑی کے پیچھے سے آنی والی دو گاڑیوں نے فائرنگ کی۔
میں دوسری گاڑی میں پیچھے آ رہا تھا، والد کو قتل کرنے والوں کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ تھا۔