پشاور:خیبر پختون خوا کے دارالحکومت کے بڑے ہسپتالوں پر کورونا میں مبتلا مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک ہو گئی ۔
محکمہ صحت کے پی سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر میں گزشتہ ایک ہفتے میں شدت آگئی ہے۔
صوبے میں ایک ہفتے (27 مارچ سے 4 اپریل تک) میں کورونا وائرس کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں صوبے میں 160 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے جب کہ مزید 7 ہزار 772 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
کورونا وائرس وبا میں پہلی بار گزشتہ دن کے پی میں ریکارڈ 35 افراد وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔
کورونا وائرس کے کیسز میں پشاور ڈویژن پہلے نمبر پر ہے، پشاور میں ایک ہفتے میں کورونا وائرس سے 99 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جب کہ 3 ہزار 21 افراد ایک ہفتے میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص وارڈز بھر گئے ہیں۔
صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال ایل آر ایچ نے او پی ڈی سروس بند کر دی ہے،ہسپتال میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروس فراہم کی جا رہی ہے، کورونا وائرس بے قابو ہونے پر ایل آر ایچ نے 500 بیڈز پر مشتمل نئے تعمیر ہونے والی عمارت کو بھی کورونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔
پشاور کے 3 بڑے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کا بوجھ بڑھنے سے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
، پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں کے ترجمانوں کے مطابق مجموعی طور پر 476 کورونا سے متاثرہ مریض داخل ہیں۔