کراچی، پیزا شاپ میں دھماکہ، ماں 2بچوں سمیت جاں بحق

کراچی:کراچی میں موسمیات چورنگی کے قریب ایل پی جی گیس سلنڈر کے دھماکے سے 3افراد جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور ان کے 2 بچے شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے 3 دکانیں تباہ ہوگئیں اور کے الیکٹرک کی گاڑی بھی الٹ گئی، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ دھماکہ پیزا کی دکان میں ہوا جس میں سلنڈر موجود تھا۔

 دھماکے سے کے الیکٹرک کی وین سمیت 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ کے الیکٹرک ڈرائیور کی حالت تشویش ناک ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 32 سالہ سعیدہ علی، 4 سالہ فاطمہ علی اور 2 سالہ عبداللہ شامل ہیں۔

 خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ بھائی سے ملاقات کے لیے آئی تھیں جس کا گھر دکان کے اوپر ہے۔ وہ عمارت کی سیڑھیاں چڑھ رہی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آگیا اور وہ اس کی زد میں آگئیں کیونکہ دکان زینے کے بالکل ساتھ ہے۔