پشاور: پشاور کے نواحی علاقہ متنی میں کوہاٹ روڈ پر تیز رفتار گاڑی بریک فیل ہونے پر ڈرائیور سے بے قابوہوکرپولیس چوکی پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خاتون اورتین راہگیر جاں بحق جبکہ بہن بھائی شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
حادثہ اس قدر شدید تھاکہ چوکی کی دیوار بھی متاثر ہوئی جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی نعشیں و زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز عزیز نعیم ولد فخر سکنہ کوہاٹ اپنی موٹر کارنمبر RG.896میں اپنی والدہ مسماۃ نزہت ٗ ہمشیرہ مسماۃ مہوش ساکنان کوہاٹ کے ہمراہ پشاور آرہاتھاکہ اس دوران کوہاٹ روڈ پر گاڑی کی بریک فیل ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی ڈرائیور سے بے قابوہوکر فرنٹیئر پولیس چوکی پر چڑھ دوڑی۔
حادثہ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خاتون 60 سالہ نزہت ٗمزدور غلام ولد شیر سکنہ افغانستان ٗ باچانواللہ ولد میر نواز اور رضوان اللہ ولد جنت ساکنان شمالی وزیرستان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ عزیز اور مہوش شدید زخمی ہوگئے۔
حادثہ اس قدر شدید تھاکہ گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ادھر ضروری کاروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔