لاہور:شاہدرہ کے علاقے میں خاتون نے مبینہ طور پر جعلی عامل کے کہنے پر دو بیٹوں اور ایک بیٹی کو پھانسی دیدی جبکہ خود کو بھی بلیڈ سے زخمی کر لیا۔
دو بیٹے جاں بحق جبکہ بیٹی معجزانہ طو رپر بچ گئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا جبکہ خاتون کو بھی طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ شاہدرہ کے علاقہ کامران پارک گلشن حیات کالونی میں خاتون نجمہ بی بی نے اپنے بچوں 12سالہ بلال،8سالہ طلحہ اور بیٹی کے گلے میں پھندا ڈال دیا جس سے بلال اور طلحہ جاں بحق ہو گئے جبکہ بچی معجزانہ طو رپر بچ گئی۔بعد ازاں خاتون نے خود کو بھی بلیڈ مار کر زخمی کر لیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق خاتون نے جعلی عامل کے کہنے پر یہ کام کیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔