خیبرپختونخوا ترقی میں سب سے آگے، یو این ڈی پی کی رپورٹ

 پشاور:خیبرپختونخوا میں غربت کی شرح میں کمی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)کے رپورٹ پر ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون وزیراعلیٰ برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے صوبائی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بہترین پالیسیوں کی بدولت عوام کو ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

 حالیہ یو این ڈی پی رپورٹ میں خیبرپختونخوا کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں غربت کی شرح میں کمی آئی ہے، جو قابل تعریف ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے علاوہ سب کو ہماری کامیابیاں نظر آ رہی ہیں یو این ڈی پی رپورٹ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پالیسیوں میں تسلسل اور عوام دوست اصلاحات سے غربت، جہالت مکا ؤاور تبدیلی کا حصول ممکن ہے۔ 

معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فی کس آمدنی 1999-2000 میں سب صوبوں سے کم تھی لیکن اب الحمدللہ فی کس آمدنی پنجاب کے قریب آ چکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت انسانی ترقی کی رفتار سب سے اوپر ہے جبکہ صوبے کی معیشت جس میں ترسیلات زر اور ٹیکس وصولی میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی حالیہ دنوں میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی کی تعریف کی ہے اور قومی ترقی کیلئے ایک نمونہ قرار دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے بھی عمران خان کے وژن کو سراہ رہے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم، محصولات کی وصولی، سماجی خدمات کی فراہمی، انصاف کا حصول، شرحِ خواندگی میں اضافہ سمیت دیگر تمام شعبوں میں گزشتہ سالوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے صوبائی حکومت کی ترقی کا ماڈل اب دیگر صوبے بھی اپنائیں گے۔