کورونا کیسز بڑھنے پر پشاور کے مزید 5علاقوں میں لاک ڈاؤن

پشاور:پشاورکی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظرپشاور کے مزید5علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا اعلامیہ جاری کردیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاورکے مطابق بلال ٹاؤن فاریسٹ کالونی پشاور‘الفلاح ٹاؤن اعجاز آباد‘آبشار کالونی ڈیفنس ٹاؤن پشاور‘آفیسرگارڈن کالونی خوشحال باغ ورسک روڈ‘سیکٹرای فور فیز7حیات آبادکے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آؤٹ انٹری بند رہے گی۔

ڈی سی پشاور کے مطابق ان علاقوں میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے ہوئے کیسز کی وجہ سے سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیاہے۔

ان علاقوں میں اشیا ئے خوردونوش‘ میڈیسن‘جنرل سٹور‘تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

ان علاقوں کی مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔

علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئیں‘خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔