کورونا تیسری لہر: پشاور کے ہسپتالوں کی موجودہ صورتحال!

کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آنے سے صوبائی دارالحکومت  پشاور کے بڑے ہسپتالوں پر کورونا میں مبتلا مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک ہو گئی ۔

خیبرپختونخوا میں کورونا تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص وارڈز بھر گئے ہیں۔

پشاور کے 3 بڑے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کا بوجھ بڑھنے سے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کمی کا خدشہ پیداہوگیا ہے۔

 پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں کے ترجمانوں کے مطابق  اس وقت مجموعی طور پر 604 کورونا سے متاثرہ مریض داخل ہیں۔

 پشاور کے ہسپتالوں ایل آر ایچ، کے ٹی ایچ، اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مجموعی طور پر 58 کورونا مریض وینٹیلیٹرز پر موجود ہیں۔

صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال ایل آر ایچ نے او پی ڈی سروس بند کر دی ہے،ہسپتال میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروس فراہم کی جا رہی ہے، کورونا وائرس بے قابو ہونے پر ایل آر ایچ نے 500 بیڈز پر مشتمل نئے تعمیر ہونے والی عمارت کو بھی کورونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔