پشاور:چیف سیکرٹری خیبرپختونخواکاظم نیاز نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں پورے صوبے میں 82سستے بازار قائم کیے گئے ہیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو رعایتی داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی رہی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز شاہی باغ دلہ زاک روڈ پر قائم رمضان سستے بازار کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی طرف سے رمضان المبارک کے دوران اشیاء خورد و نوش پر بارہ ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی سیل بنایاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ پشاور ڈویژن میں 18مقامات پر رمضان سستا سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہاکہ اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کواپنے دفاتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ بھی وہ اپنے اضلاع میں اشیائے خوردونوش کو سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ تمام وزرا اور پراونشل سیکرٹریز کواپنے اپنے اضلاع میں قائم ان سستے بازاروں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے تمام علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔
ان کا کہنا تھاکہ ضم شدہ اضلاع میں بھی رمضان سستے بازارقائم کیے گئے تاکہ وہاں کے لوگ بھی رمضان سستے بازار سے فائدہ اٹھاسکیں۔
انہوں نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر چار ہزار میٹرک ٹن آٹا فراہم کیاجائے گا۔