پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی وزراءاور ممبران صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا کی موجودہ تشویشناک صورتحال میں اپنے حجروں میں عوامی سرگرمیوں کو بند کریں اور حجروں میں رش لگانے سے گریز کریں تاکہ اس وباءکے مزید پھیلاو کو روکا جاسکے۔
وزیر اعلی نے صوبائی وزراءاور ایم پی ایز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب کے موقعوں پر زیادہ تعداد میں لوگوں کو اکھٹا نہ کریں اور ایسے مواقعوں پر ایس او پیز پر عملدرآمد کا خاص خیال رکھیں۔
یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کو صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
صوبے میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نے منتخب عوامی نمائندوں، علمائے کرام، اور رائے عامہ ہموار کرنے والے دیگر طبقوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وبا کے مزید پھیلاو کو روکنے کے لئے ایس او پیز اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عام شہریوں کو اس بات پر قائل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط میں رہیں۔ وزیر اعلی نے علمائے کرام سے خصوصی اپیل کی کہ وہ مساجد خصوصا نماز تراویح اور نماز جنازوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کےلئے اپنا اہم کردار ادا کریں اور اس سلسلے میں جمعہ کے خطبات میں عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ترغیب دیں۔ وزیر اعلی نے شہریوں اور کاروباری حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ایس او پیز اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں.