پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے 3مشیر اور معاون خصوصی عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر ضیا اللہ بنگش اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھیج دیا۔
ضیا اللہ بنگش نے کہا کہ میرے اوپر حلقے کی ذمہ داریاں بہت ہیں اور میں اپنے حلقے پر زیادہ توجہ دینا چاہتا ہوں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے ضیا اللہ بنگش کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ضیا اللہ بنگش کے استعفے کی کوئی اور وجوہات نہیں۔انہوں نے اپنی کچھ ذاتی مصروفیات کی وجوہات بتائی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مشیربرائے انرجی حمایت اللہ اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سیدغازی غزن جمال بھی مستعفی ہوگئے۔
دریں اثناء شعبہ انتظامیہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے توانائی وپاور حمایت اللہ خان،وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سائنس اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید غازی غزن جمال کے استعفوں کی منظوری دے دی ہے۔