چمن: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پاکستانی کرکٹر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے کلی حاجی اخبر صالحزئی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فرسٹ کلاس کرکٹر محمد نعیم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت محمد نعیم کے نام سے ہوئی، جو مقامی کرکٹر تھا۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ محمد نعیم بازار سے موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا، ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ میں جاں بحق ہوگیا۔
حکام کے مطابق محمد نعیم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔بعدازاں ورثا نے لاش ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا جبکہ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر مال روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
مظاہرین کی جانب سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔