نوشہرہ/پبی:نوشہرہ میں خون کی ہولی نوشہرہ کے علاقے سپین کانڑے شیخی میں ٹیوب ویل پر بھرتی ہونے کے تنازعہ پر رشتہ داروں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں دو خواتین سمیت سات افراد قتل کردئیے گئے۔
قتل ہونیوالوں میں ایک باپ‘ دو سگے بیٹے اورایک نواسہ بھی شامل ہیں۔دو افراد شدید زخمی زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ کے علاقے سپین کانڑے شیخی میں پولیس تھانہ اضاخیل کے حدودمیں دو فریقین جو آپس میں چچا زاد ہیں کے درمیان ٹیوب ویل میں بھرتی کے معاملے پر تکرار شرع ہوئی جس پر دونوں جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کی گئی جس میں سات افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ مقتولین آپس میں رشتہ دار ہیں۔
جاں بحق ہونیوالوں میں گل شاد عمر 40 سال، دو سگے بھائی طاہر عمر40 سال بختیارعمر55سال پسران مثل، مسماۃ رمیست دختر انور علی، مسماۃ سجیلہ دختر بختیار، اور مثل خان عمر 51 سال،ضابط ولد زاہد عمر 36 سال شامل ہے جبکہ انور علی اور سید انور پسران مثل زخمی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں اور میتوں کو پبی کے میاں راشد حسین شہید ہسپتال منتقل کردیا۔
واقعے کے فوراً بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال جائے وقوعہ پر پہنچے اور ایس پی انویسٹی گیشن خان خیل خان کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دیکر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے۔ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کردئیے ہیں۔