کورونا وباء: پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں صورتحال سنگین

خیبر پختونخوا میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ 

پشاور میں خیبرٹیچنگ اسپتال میں تمام 106بیڈز مریضوں سے بھر گئے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظربیڈز میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

 حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے کورونا کے لیے مختص 178 میں سے146 بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

جبکہ ایل آر ایچ میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد موجود ہے اور کورونا مریضوں کیلئے مختص 485 بیڈز میں سے  391 بیڈز پر کورونا مریض داخل ہیں۔

تینوں اسپتالوں میں مجموعی طور پر 62 کورونا مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر موجود ہیں۔

دوسری جانب  پشاور میں کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 66 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے اور 142 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 73 اموات ہوئیں اور 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔