پشاور: خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی مہلک ثابت ہو رہی ہے، رواں مہینے میں (یکم اپریل سے اب تک) قاتل وائرس سے صوبے میں 536 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ صوبے میں 18 ہزار 352 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں مہینے میں پچھلے 10 دنوں سے روزانہ 30 سے زائد اموات رپورٹ ہو رہی ہیں، صوبے میں 13 اپریل ہلاکت خیز دن تھا، جب 49 افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہوئے، پہلی، دوسری اور تیسری لہر میں یہ ایک دن میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔
کے پی میں کرونا کیسز میں اضافہ بھی تیزی سے جاری ہے، محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے 7 اضلاع ایسے ہیں جہاں مثبت کیسز کی شرح 20 فی صد سے زیادہ ہے، مردان میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 33 فی صد، لوئر دیر 30، بونیر 28 اور پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 26 فی صد ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور ڈویژن وائرس سے ہلاکتوں اور مثبت کیسز میں پہلے نمبر ہے، پشاور میں اپریل کے مہینے میں کرونا وائرس سے 253 افراد جاں بحق ہوئے، مردان میں 109، ملاکنڈ ڈویژن میں 88 اور ہزارہ ڈویژن میں رواں ماہ 28 افراد جاں بحق ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 899 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 500 تک پہنچ گئی ہے، پشاور ڈویژن 52 ہزار 893 مثبت کیسز اور 1 ہزار 616 اموات کے ساتھ پہلے، ملاکنڈ ڈویژن 20 ہزار 640 مثبت کیسز اور 411 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اور مردان میں اب تک 325 اموات رپوٹ ہو چکی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس سے اب تک 57 ڈاکٹر بھی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
صوبے کے اسپتالوں میں ایچ ڈی یو، آئی سی یو اور وینٹی لیٹر پر مسلسل مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اس وقت صوبے کے مختلف اسپتالوں میں 967 مریض ایچ ڈی یو، 162 آئی سی یو اور 76 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 13 ہزار 614 ہے، جب کہ مثبت کیسز کی مجموعی شرح 13 فی صد ہے۔
صوبے میں اب تک کُل 14 لاکھ 98 ہزار 88 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جب کہ کرونا وائرس سے متاثرہ 89 ہزار 987 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔