پشاورکے اسپتالوں میں کورونا صورتحال تشویشناک

خیبر پختونخوا میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں ایچ ڈی یو، آئی سی یو اور وینٹی لیٹر پر مسلسل مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اس وقت صوبائی دارالحکومت پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 663 کورونا مریض داخل ہیں۔

پشاور میں خیبرٹیچنگ اسپتال میں 106 بیڈز میں سے 102 پر کورونا کے مریض موجود جبکہ کرونا کیلئَے مختص صرف 4 بیڈز خالی رہ گئے ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظربیڈز میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

 حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے کورونا کے لیے مختص 178 میں سے152 بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

جبکہ ایل آر ایچ میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد موجود ہے اور کورونا مریضوں کیلئے مختص 485 بیڈز میں سے  409 بیڈز پر کورونا مریض داخل ہیں۔

تینوں اسپتالوں میں مجموعی طور پر 663 کورونا مریض داخل ہیں۔

دوسری جانب  کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  ریکارڈ  147 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے ساڑھے 5 ہزار مثبت کیسز رپورٹ ہونے سے کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 83 ہزار سے متجاوز ہوگئی۔