خیبرپختونخو ا ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے، وزیراعلیٰ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے، صوبائی حکومت کے متعدد میگا منصوبے میچور ہو چکے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے۔

 جبکہ متعدد اہم ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن کا افتتاح کیا جائے گا اور اُمید ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود ان میگا منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔

بدھ کے روزوزیراعظم عمران خان کے دورہ پشاور کے دوران چار اہم منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے کی ترقی، صوبے کے عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 اُنہوں نے کہاکہ جلوزئی میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت رہائشی فلیٹس کا منصوبہ کم آمدنی والے لوگوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے جس سے 1320 خاندان مستفید ہوں گے۔ چترال۔شندورروڈ کی کشادگی اور بحالی کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ مواصلات کے شعبے کا ایک اہم منصوبہ ہے۔

 سی پیک کی متبادل سڑک کے طور پر استعمال ہو گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو معیاری سفری سہولیات کی دستیابی کے علاوہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔153 کلومیٹر طویل سڑک کی کشادگی کے منصوبے پر 16 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

پشاور تا درہ آدم خیل قومی شاہراہ کی بہتری و بحالی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2.8 ارب روپے لاگت کا منصوبہ درہ آدم خیل اورملحقہ علاقوں کو صوبائی دارلحکومت پشاور سے ملائے گا۔ 35 کلومیٹر طویل اس شاہراہ کی بحالی سے پشاور اور درہ آدم خیل کے درمیان مسافت میں 70 فیصد کمی آئے گی۔

 وزیراعلیٰ نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ان فلیٹس کی تعمیر کو غریب اور متوسط طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے موجودہ حکومت کا ایک اہم منصوبہ قر ار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہے کہ موجوہ حکومت نے معاشرے کے غریب اور متوسط طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد عملی اقدامات اور منصوبے شروع کئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ہاؤسنگ اور تعمیر ات کے شعبوں کو ترقی دے کر لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی نہ صرف بھر پور حمایت کرتی ہے بلکہ اُس پر عمل درآمد کیلئے بھر پور اقدامات اُٹھارہی ہے اور ایسے تمام منصوبوں کو ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 ہاؤسنگ کے شعبے میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع ہنگو میں بھی کم آمدنی والے لوگوں کیلئے ہاؤسنگ سکیم شروع کی گئی ہے جہاں پر لوگوں کو پلاٹس فراہم کئے جا چکے ہیں۔ پشاور میں ہائی رائز فلیٹس کے تین منصوبوں کے علاوہ مردان، چارسدہ اور سوات میں بھی ایسے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

اُنہوں نے مزید کہاکہ ہاؤسنگ کے شعبے میں صوبائی حکومت کا میگا منصوبہ پشاور ماڈل ٹاؤن ہے جہاں پر بھی کم آمدنی والے لوگوں کیلئے رہائشی پلاٹس دیئے جائیں گے اس کے علاوہ سوڑیزئی ہاؤسنگ اسکیم کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ 

محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت غریب اور متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ رہائشی منصوبوں کے علاوہ احساس پروگرام،رحمت للعالمین سکالرشپ اور پناہ گاہوں کے قیام سمیت وزیراعظم کے تمام ایسے اقدامات کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور معاونت فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے منصوبوں کے افتتاح پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔