نوشہرہ/ پبی:نوشہرہ کے علاقے بالو میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔وحیدالرحمن اپنی اہلیہ اور اور ایک غیر مرد کو بھائی کی مدد سے قتل کرکے موقع سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ خاتون مسماۃ حاجرہ عروج زوجہ وحیدالرحمن کے بھائی وھاج الحق ولد میاں شمس الحق ساکن تارو جبہ نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے گھر واقع تارو جبہ میں موجود تھا کہ بہنوئی ملزم وحیدالرحمن نے موبائل فون پر اطلاع دی کہ فوراً ہمارے گھر پہنچو۔
جب میں وہاں پہنچا تو وہاں پر میرا بہنوئی ملزم وحید الرحمن ولد فرید الرحمن ساکن بالو، اس کا بھائی عدنان ولد فرید الرحمن، میری ہمشیرہ مقتولہ مسماۃ حاجرہ عروج، نوکرانی مسماۃ ماہ نوراور ایک اجنبی نوجوان جسکا نام بعد میں عبدالرب ولد حیات خان ساکن چمکنی معلوم ہوا رہائشی کمرے میں موجود تھے اور آپس میں تکرار کر رہے تھے۔
اس دوران ملزم عدنان نے اپنی کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے نوجوان عبدالرب پر بہ ارادہ قتل فائرنگ کی جس سے لگ کر وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
اس دوران میرے بہنوئی نے عدنان سے کلاشنکوف لیکر اپنی اہلیہ اور میری ہمشیرہ پر فائر کھول دیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔
وحیدالرحمن اور عدنان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ وجہ قتل گھر میں اجنبی نوجوان کی موجودگی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔