ایل آر ایچ اہلکاروں کی بے حسی؟ خاتون نے ہسپتال کے باہر بچے کو جنم دیدیا 

پشاور:خیبرپختونخوا کے سب بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ڈیلیوری کیلئے لائی گئی خاتون نے بچے کو ہسپتال کے مین گیٹ پر جنم دیدیا۔

 خاتون کو ہسپتال گیٹ پر مامور سیکورٹی گارڈ نے اندر جانے سے کافی دیر تک روکے رکھا اس دوران خاتون نے گیٹ  پر کھلے میدان میں بچے کو جنم دیا۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔

دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے موقف سامنے آیا ہے کہ مذکورہ بچے کی ولادت ایل آر ایچ کے گائنی فیسیلیٹی تک پہنچنے سے پہلے ہوئی۔سکیورٹی گارڈ نے مدد کرنے کی کوشش کی لیکن اتنا وقت نہیں ملا سیکیورٹی گارڈ کے مطابق مدد کرنے کی کوشش کی لیکن اتنا وقت نہیں ملا اور راستے میں ہی بچے کی ولادت ہوئی۔ 

 ایمرجنسی ڈیلیوری میں پرچی اور دیگر رجسٹریشن بعد میں ہوتی ہے مریضہ کو سیدھا لیبر روم داخل کیا جاتا ہے۔مذکورہ کیس میں عورت لیبر روم تک نہ پہنچ سکی راستے میں ہی بچے کو جنم دیا۔

 تصویر میں سیکیورٹی گارڈ لوگوں کو وہاں سے دور رکھنے کے لئے کھڑا ہوا ہے۔  ایل آر ایچ میں گائنی کے ایمرجنسی آپریشنز اور ڈیلیوریز 24 گھنٹے کی جاتی ہیں۔ادھر خاتون کے بچے کو گائنی وارڈ کے باہرجنم دینے سے متعلق تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے جس پر عوام نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے اور واقعہ کی شفاف انکوائری کرانے اور غفلت اور لاپرواہی ثابت ہونے پر ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سسٹم کو درست کرنے اور ایسی خواتین کو فوری خصوصی اور مفت سہولیات بروقت مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔