وزیراعلیٰ ان ایکشن، ایکسائز کے اہلکار معطل

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز موٹروے ٹول پلازہ پشاور پر ایکسائز ناکہ بندی کا اچانک دورہ کرکے ناکہ بندی پر موجود تمام  اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کرنے کا حکم دیا۔ 

وزیر اعلیٰ کو مذکورہ ناکہ بندی پر ایکسائز عملے کی طرف سے شہریوں کو بے جا تنگ کرنے اور رشوت لینے کی شکایت موصول ہوئی تھیں۔

 عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بغیر کسی پروٹوکول ناکہ بندی کا اچانک دورہ کیا۔ جس وقت وزیر اعلیٰ ناکہ بندی پر پہنچے تو ایکسائز اہلکار چیکنگ کے نام پر مسافروں کو بے جا تنگ کرنے میں مصروف تھے۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام اُمور پر ان کی کڑی نظر ہے، سرکاری اہلکاروں کا کام عوام کی خدمت اور ان کو سہولیات فراہم کرنا ہے نہ کہ ان کو بے جا تنگ کرنا ہے۔

 سرکاری اہلکاروں کی طرف سے اس طرح کے کام کسی صورت قبول نہیں اور نہ ہی عوامی خدمت میں کوتاہی نہیں برداشت کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام حکومتی امور میں شفافیت ترجیح ہے، عوامی شکایات پر سب کے خلاف کاروائی ہوگی۔