پشاور:تھانہ تہکال کے علاقہ پلوسئی تلڑزئی میں چچا نے جائیداد کے تنازعہ پر جوانسال بھتیجے کو فائرنگ کرکے مسجد کے اندر قتل کردیا فائرنگ کی زد میں آکر 4 نمازی شدید زخمی ہوگئے۔
اندھا دھند فائرنگ سے مسجد سے متصل گھر میں موجود جوانسال دوشیزہ بھی سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔
ملزم ساتھیوں سمیت موقع سے فرا رہوگئے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پلوسئی تلڑزئی میں اصغر نامی شخص نے جائیداد کے تنازعہ پر مسجد میں فائرنگ کرکے اپنے بھتیجے ندیم کو قتل کردیاجبکہ فائرنگ کی زد میں آکر قریبی گھر میں جوانسال دوشیزہ مسماۃ طاہرہ بھی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔
فائرنگ سے 4 نمازی سراج گل، شریف، مسعود جان، اور رضا خان شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امدادی کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اور نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاؤیوں پرتفتیش شروع کردی۔
ابتدائی تحقیقات
تہکال پولیس نے پلوسئی تلڑزئی میں واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول اور ملزم فریق کے بعد عرصہ دراز سے جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا تھا جبکہ اس ضمن میں کئی بار جرگے بھی ہوئے۔
چند روز قبل دونوں فریقین سے جرگہ مشران نے ضمانت کے طور پر 5ٗ 5 لاکھ روپے لئے تھے جس پر ملزم اصغر نے خلاف ورزی کی تو جرگہ مشران نے سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ کیا تو ملزم اصغر 2 لاکھ 30 ہزار روپے واپس لینے کامطالبہ کررہا تھا جس پر چچا بھتیجے میں جھگڑا ہوا اور پھر بات خون خرابے تک پہنچ گئی پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔
حالات کشیدہ
فائرنگ کے بعد ملزمان گھر بار چھوڑ کر فرارہوگئے جبکہ حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔
دوسری جانب مقتولین کے ورثاء میں شدید اشتعال پایاجاتا ہے جبکہ علاقے کے مکینوں میں خوف وہراس بھی پھیلا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق حالات قابو پانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔