خیرات مانگنے والا گولیوں سے چھلنی

پشاور:تھانہ حیات آباد کے علاقہ فیز ون میں صاحب حیثیت شخص کے ذاتی گارڈ نے خیرات کیلئے آنیوالے ضرورت مند کو گولیوں سے چھلنی کردیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اور ملزم کواسلحہ سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق حارث ولد شیر افضل سکنہ افغانستان نے رپورٹ درج کرائی کہ گزشتہ روز اس کا بھتیجا محمدفہیم ولد احسان اللہ سکنہ تاج آباد حیات آباد فیز ون کے رہائشی جلیل نامی شخص سے خیرات مانگنے گیا تھا جہاں اس کے ذاتی گارڈ محمد شریف ولد محمد عظیم سکنہ ایبٹ آباد نے طیش میں آکر اس پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔

مجروح کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیا جہا ں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تو ڑگیا پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم کواسلحہ سمیت گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا۔


حیات آباد فیز ون میں خیرات مانگنے پر بیدردی کیساتھ قتل ہونیوالے مقتول فہیم کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے نوٹس لینے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

 ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے گارڈ کو تو گرفتار کرلیا لیکن جس شخص کیساتھ وہ ڈیوٹی کررہا تھا پولیس اسے بچانے کی کوشش کررہی ہے لہٰذا نوٹس لیاجائے اور انصاف فراہم کیاجائے۔


 حیات آباد پولیس نے فیز ون میں قتل کیس کی مختلف زاؤیوں پر تفتیش شروع کردی پولیس کے مطابق عینی شاہدین سے بیانات بھی قلمبند کرلئے گئے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں دوسری جانب پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔