پنجاب کے علاقے ہارون آباد میں چک 18 ون آر میں ماں نے اپنے دو سگے بیٹوں کو زہر دیکر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ثمینہ بی بی زوجہ حافظ محمد امین نے اپنے خاوند سے فون پر جھگڑا کرنے کے بعد خود کالا پتھر پی لیا اور اپنے بچوں کو بھی پلادیا، جس کے نتیجے میں اس کے دونوں بیٹے جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونیوالے عبدالوہاب کی عمر چھ سال اور عبدالمناف کی عمر آٹھ سال ہے۔ پولیس نے لاشوں کو اور ماں ثمینہ بی بی کو وکٹوریہ اسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ کالا پتھر ہیئر کلرز میں استعمال ہوتا ہے لیکن زندگی سے مایوس افراد نے اسے موت کا آسان ذریعہ بنا لیا ہے ،اس کو پانی میں ملا کر پینے سے دیکھتے ہی دیکھتے انسان موت کی وادی میں چلا جاتا ہے۔