پورٹو ریکو: کیریبین ملک پورٹو ریکو کے باکسر نے اپنی حاملہ پریمی کو اغوا کرکے قتل کردیا اور لاش پل سے نیچے پھینک دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پورٹو ریکو سے اولمپکس 2012 میں باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے والے فیلیکس وردیجو پر اپنی حاملہ دوست کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ جس پر باکسر نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
27 سالہ شادی شدہ باکسر پر ماں اور پیٹ میں موجود بچے کی موت کے علاوہ اغوا اور کارجیکنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ فیلیکس نے اپنی گرل فرینڈ کو رسی سے باندھ کر تشدد کیا۔ پولیس کو رسی سے بندھی لاش امریکی جزیرے کے صدر مقام سان جوآن کے قریب مل گئی۔
رواں برس جنوری میں جزیرے پورٹو ریکو میں خواتین پر تشدد کے معاملے پر ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا تھا۔ حقوق نسواں تنظیموں نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ برس ایسے 60 واقعات رونما ہوئے تھے۔